سپریم کورٹ کے جج کے ریمارکس افسوسناک ہیں: حکومت پاکستان کے ترجمان

حکومت پاکستان کے ترجمان کے جاری کردہ ایک بیان میں سپریم کورٹ میں نہال ہاشمی کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کے دوران ’ایک معزز جج کے مبینہ ریمارکس‘ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

جمعرات کی شام جاری کیے گئے ایک بیان میں لکھا ہے کہ ترجمان کی جانب سے ’ان مبینہ ریمارکس کو اعلیٰ عدلیہ کی روایات کے منافی‘ قرار دیا گیا ہے۔

جاری کردہ اس بیان پر کوئی سٹامپ ہے نہ ہی کوئی دستخط اور نہ ہی ترجمان کا نام ظاہر کیا گیا ہے لیکن ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ بیان وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیا گیا ہے۔

حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’معزز جج نے وزیراعظم کی جانب سے نہال ہاشمی کے خلاف اٹھائے گئے انتہائی تادیبی اقدامات کو نظر انداز کرتے ہوئے محض سپریم کورٹ اور توہین عدالت نوٹس کا ردعمل قرار دیا۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ترجمان کے مطابق ’حقائق نہ صرف اس کے برعکس ہیں بلکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا تمام ریکارڈ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ حکومت نے نہال ہاشمی کے ریمارکس کے سامنے آتے ہی نہ صرف ان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا بلکہ فوری طور پر انہیں ان کی ذاتی سوچ کا عکاس قرار دیا۔‘

اس بات کو ثابت کرنے کے لیے بیان میں کہا گیا ہے کہ نہال ہاشمی کے خیالات پہلی مرتبہ 31 مئی کی صبح الیکٹرانک میڈیا میں رپورٹ ہوئے اور اس کے بعد 31 مئی کی شام ساڑھے پانچ بجے نہال ہاشمی کے سیکرٹری سینیٹ کو تحریری استعفیٰ دینے تک تمام ٹائم لائن دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے اس معاملے کا نوٹس اس کے بعد لیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات بھی ریکارڈ کا حصہ ہے کہ بدھ کی صبح وزیر اعظم نواز شریف قومی سلامتی سے متعلق اداروں کے سربراہان کے ساتھ میٹنگز اور کابینہ کے اجلاس میں مصروف تھے لیکن جیسے ہی وہ فارغ ہوئے تو یہ معاملہ ان کے علم میں لایا گیا اور انہوں نے فوری طور پر نہال ہاشمی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا تھا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ توہینِ عدالت کے کیس کی سماعت کے دوران ایک معزز جج کی جانب سے حکومت کو ’سیسیلیئن مافیا‘ قرار دینا انتہائی افسوس ناک ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو حکمراں جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت تین رکنی بینچ نے کی۔

سپریم کورٹ
Image captionنہال ہاشمی نے اُمید ظاہر کی کہ عدالت اُنھیں معاف کردے گی

اس سے پہلے جمعرات کی صبح نہال ہاشمی نے اُمید ظاہر کی تھی کہ عدالت اُنھیں معاف کردے گی تاہم عدالت نے اُن کی درخواست منظور نہیں کی اور اُنھیں توہین عدالت کے مقدمے میں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے پانچ جون تک جواب داخل کروانے کی مہلت دی ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ کی شب نہال ہاشمی کی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو کا ازخود نوٹس لیا تھا جس میں انھیں پاناما لیکس کیس میں تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں دیتے سنا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نہال ہاشمی نے کہا کہ ’حساب لینے والے آج حاضر سروس ہیں، کل ریٹائر ہوجائیں گے اور ہم ان کا یوم حساب بنا دیں گے۔‘

اس بیان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ نہال ہاشمی کی ذاتی رائے ہے اور مسلم لیگ نواز قانون کی بالادستی میں یقین رکھتی ہے۔

ویڈیو میں نہال ہاشمی کو یہ بھی کہتے سنا جا سکتا ہے’اور سن لو جو حساب ہم سے لے رہے ہو، وہ تو نواز شریف کا بیٹا ہے، ہم نواز شریف کے کارکن ہیں، حساب لینے والوں! ہم تمھارا یوم حساب بنا دیں گے۔

 

جواب دیں

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

آپ اپنے WordPress.com اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Twitter picture

آپ اپنے Twitter اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Facebook photo

آپ اپنے Facebook اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Google+ photo

آپ اپنے Google+ اکاؤنٹ کے ذریعے تبصرہ کر رہے ہیں۔ لاگ آؤٹ / تبدیل کریں )

Connecting to %s