ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کو گردہ سکینڈل کی تحقیقات 12جون تک مکمل کرنے کا حکم دے دیاہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل کے روبرو ایف آئی اے نے ملزموں ڈاکٹر ظفر جاوید، آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ نوید حمید، اطہر محمود کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا جبکہ کیمپ جیل سے مقدمہ کے مرکزی ملزموں ڈاکٹر فواد، ڈاکٹر التمش، آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ عمر دراز اور شہزاد کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر رونمائی کے لئے پیش کیا گیا، ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ڈاکٹر ظفر جاوید سے مقدمہ کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں ،ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے جبکہ ملزم نوید حمید اور اطہر محمود نے جنرل ہسپتال اور میو ہسپتال کے ڈیتھ سرٹیفکیٹس تیار کر رکھے تھے جن پر صرف ہسپتال کے ڈاکٹروں کی مہریں موجود ہیں ،ان موت کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے لئے دونوں ملزموں کا 4روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمہ کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں کی جا سکیں ،مقدمہ کی تحقیقات مکمل کرنے کے لئے مزید مہلت دی جائے، عدالت نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد ملزموں کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو بھی حکم دیا ہے کہ ملزموں کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 173 کے تحت مقدمہ کا چالان مکمل کر کے 12جون کو عدالت میں پیش کیا ہے